بنگلور 15 نومبر (ایس او نیوز) بھٹکل مسلم جماعت بنگلور کے عام انتخابات اتوار 14 نومبر کو منعقد ہوئے جس میں ممبران نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے 16 اراکین کو انتظامیہ کے لئے منتخب کیا۔
جماعت کے پیڈ ممبرس 176 ہیں جس میں سے 116 اراکین نے اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا اور انتخابات میں حصہ لینے والے 24/ اراکین میں سے 16 کو نئی انتظامیہ کے لئے منتخب کیا۔ اگلے چار سالہ میعاد کے لئے جن اراکین کو منتخب کیا گیا ہے، اُن کے نام یہ ہیں؛ محمد مدثر ائیکری ، عبدالرحمن رکن الدین، عبدالواجد کولا، ایڈوکیٹ آفاق کولا، محمدسالم کولا، فیضان برماور، محمد اشرف شاہ بندری، زید جوباپو، محمد حمدان معلم، ابوبکر صدیق رکن الدین، محمد ھود پلّور، عبدالبدیع شاہ بندری، سیفان احمد شینگیری، محمد داہیا اکرمی، محمد افتاب صدیقہ، سُہیل پٹیل۔
اس سے پہلے پچھلی انتظامیہ نے جناب عبدالمعید کاڈلی، جناب نظام صدیق، جناب معاذ جوکاکو اور جناب نعمان ایس پی کو اگلی انتظامیہ کے لئے منتخب کیا تھا، جن کو انتخابات منعقد کرنے کی ذمہ داری ہوتی ہے، ان میں سے عبدالمعید کاڈلی کو الیکشن کمشنر منتخب کیا گیا تھا جنہوں نے دیگر اراکین کے تعاون سے بحسن و خوبی انتخابی کاروائیوں کو انجام دیا۔
الیکشن کمشنر جناب عبدالمعید کاڈلی نے بتایا کہ اب بہت جلد نئے اراکین انتظامیہ کی میٹنگ طلب کی جائے گی جس میں صدر و سکریٹری سمیت دیگر عہدیداران کا انتخاب عمل میں آئے گا، اسی طرح نئی انتظامیہ بنگلور جماعت سے منسلک این آر ائیز میں سے چار اراکین کو انتظامیہ میں شامل کریں گے جبکہ صدر کے انتخاب کے بعد صدر کو بھی دو اراکین کو نئی انتظامیہ میں شامل کرنے کا اختیار رہے گا۔ اس طرح بنگلور جماعت جملہ 26 اراکین انتظامیہ پر مشتمل رہے گی۔